آج شاعر مشرق علامہ اقبال کی اکہترویں برسی خاموشی سے گزر گئی۔ حکومتی لیول پر صرف صدارتی بیان داغ کر اپنی جان چھڑا لی گئی۔ نہ کسی حکمران نے مزار پر حاضری دی اور نہ ہی کوئی بڑی تقریب منعقد کی گئی۔ اس کی وجہ شاید یہ ہو کہ ہماری موجودہ حکومت کا مزاج علامہ اقبال کے مزاج سے نہیں ملتا اور کہیں علامہ اقبال کا انقلابی انداز عوام کے ضمیر نہ جگا دے۔ حیرانی کی بات ہے ہر چھوٹے موٹے واقعے پر بیان چھوڑنے والے اپنے الطاف بھائی بھی خاموش رہے۔
جس دور میں ہم لوگ سکول میں پڑھا کرتے تھے اسمبلی میں تلاوت قرآن کے بعد علامہ اقبال کی نظم “لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری” کورس کی شکل میں گائی جاتی تھی۔ یو ٹیوب نے جہاں ہمیں بہت ساری نادر ویڈیوز اور آڈیوز دیکھنے کا موقع فراہم کیا ہے وہیں پر یہ نظم سن کر ہماری پرانی یادیں تازہ ہو گئیں۔ ساری نظم سمجھ کر ہمارا انقلابی بننا تو بہت دور کی بات تھی اس وقت ہمیں اس نظم کے پہلے فقرے کی ہی سمجھ نہیں آتی تھی۔ اس وقت ہم “لب” کو “لپ” پڑھا کرتے تھے۔ نہ کسی استاد نے جماعت میں اس نظم پر روشنی ڈالی اور نہ ہی اسمبلی میں اس کا مفہوم بیان کیا گیا۔ بس ہم ہائی سکول پاس کرنے تک طوطے کی طرح رٹے رٹائے فقرے روزانہ دہراتے رہے۔
اب دیکھیں ناں علامہ اقبال اگر فرماتے ہیں کہ
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے
اور سوچیں کہ کیا موجودہ حکومت کا طرز زندگی اس سے میل کھاتا ہے۔ کیا آج کے حکمرانوں میں خودی کی ذرا سی بھی رمق پائی جاتی ہے۔ جس طرح بہت پہلے کسی نے اس شعر کی پیروڈی اس طرح بنائی تھی
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تری رضائی کہاں ہے
ہم موجودہ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے اس شعر کی پیروڈی کچھ اس طرح کرتے ہیں
خودی کو نیچے رکھ اتنا کہ ہر فیصلے سے پہلے
تو امریکہ سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے
خدا علامہ اقبال کو جنت میں جگہ دے اور ہمیں ان کے اقوال پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
2 users commented in " لب پہ آتی ہے "
Follow-up comment rss or Leave a Trackbackمحترم افضل صاحب!
مجھے تو اس موضوع پہ اپنی رائے دینے کی ہمت نہیں ہو رہی تھی اور غالباً باقی قارئین اکرام کا بھی یہی حال ہے۔
پھر یوں ہوا لب پہ آتی دعا گانے والے بچے بڑے ہو گئے اور آجکل ساٹھ سال سے نیچے تک کی عمریں رکھتے ہیں۔ اور دعائیں حسرتوں میں بدل گئیں اور دور دور تک آج کے باچوں کا مستقبل نظر نہیں آتا ۔ اور کچھ وہ ہیں جو دعا گاتے گاتے یوروپ اور امریکہ ، مشرق وسطٰی ۔ اور مشرق بعید کے ممالک کی بھٹیوں ۔ کارخانوں اور کنسٹرکشن کمپنیوں کا رزق خاک ہوئے۔ اب ہر بچہ اعجاز الحق، مشرف زادہ، مونس الٰہی یا بلاول زرداری تو نہیں ہوتا۔
السلام علیکم ورحمۃ وبرکاتہ،
ہم لوگوں نےاپنےبزرگوں کوبھلادیاہےاس لیےتوہم دنیامیں ذلیل وخوارہورہےہیں۔ ہم نےانکی قربانیوں انکی تعلیمات کوسب کوپس پشت ڈال دیا۔ اب توہم بس یہی سوچتےہیں کہ صبح کیسےلوگوں کولوٹاجائےگادوسرےکی جیبوں سےپیسےکسطرح نکالیں جائیں۔
خودی کو نیچے رکھ اتنا کہ ہر فیصلے سے پہلے
تو امریکہ سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے
یہ بھی خوب بات کی ہےآپ نے
والسلام
جاویداقبال
Leave A Reply