ایک بار پھر ٹیم ورک اور اتفاق کی طاقت غالب آئی اور پاکستان نے تیسرے ٹیسٹ میں انڈیا کو بڑے فرق سے ہرا کر ٹیسٹ میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی جیت لی۔
اس میچ کی جیت کا سہرا جن لوگوں کے سر جاتا ہے ان میں سب سے پہلا نام پچ تیار کرنے والوں کا ہے جنہوں نے تیز پچ بنا کر پچھلے دو ٹیسٹوں کے داغ دھو دیۓ۔ اس کے بعد ہم ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں جس نے اتفاق اور ٹیم ورک سے یہ میچ کھیلا اور فتح حاصل کی۔
اس میچ کی پہلی اننگز میں انظمام الحق کی کمی محسوس کی گئ مگر باؤلروں کی عمدہ باؤلنگ نے انڈیا کو پہلی اننگز میں آؤٹ کرکے میچ کانٹے دار بنا دیا۔ اس میچ میں یوں تو ساری ٹیم کا کھیل قابلِ ذکر رہا مگر کامران اکمل، فیصل اقبال، عبدالرزاق اور محمد آصف اپنی کارکردگی کی بنا پر خاص مبارکباد کے مستحق ٹھہرے۔
جس طرح ہمارے کھلاڑیوں نے دوسری اننگز میں بیٹنگ کی اس سے لگ رہا تھا کہ پچ اب بے جان ہوچکی ہے اور ہمارے باؤلروں کو انڈیا کی بیٹنگ لائن کو آؤٹ کرنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مگر جس طرح شعیب اور آصف نے شروع کے اوورز میں انڈین کھلاڑیوں کو کلین بولڈ کیا وہ تاریخ کا حصہ بن گیا۔
ہم نے ہمیشہ سے اپنے باؤلروں پر اعتماد نہ کرتے ہوۓ سلو پچیں تیار کی ہیں ۔ ہمیں یاد ہے کہ سلو پچیں بنانے کا کام ہم تب سے کررہے ہیں جب ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا تیز باؤلنگ میں اپنے عروج پر تھے۔ اس وقت ہمارے پاس تیز باؤلرز اکا دکا ہی ہوا کرتے تھے۔ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہم لکیر کے فقیر ہونے کی وجہ سے خطروں سے کھیلنے کے عادی نہیں رہے۔ اسی وجہ سے ہمارے پاس اچھے تیز باؤلرز ہونے کے باوجود ہم دوسری ٹیموں کی باؤلنگ سے ابھی بھی خوفزدہ رہتے ہیں اور تیز پچیں بنانے کا خطرہ مول نہیں لیتے۔
مگر ہمارے کرکٹ بورڈ کو اب یہ جان لینا چاہۓ کہ تیز باؤلنگ میں ہم اب کسی سے پیچھے نہیں ہیں اور میچ کو کانٹے دار اور دلچسپ بنانے کیلۓ ہمیں اب تیز پچیں بنانا پڑیں گی۔ اس کوشش میں اگر ہم چند میچ ہار بھی جاتے ہیں تو کوئی پرواہ نہیں مگر اس کے بدلے ہم تیز باؤلروں کی ایک کھیب تیار کرسکتے ہیں۔
ہمیں امید ہے کہ آئیندہ ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں اسی طرح کی پچیں تیار کی جائیں گی۔
اس فتح کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہو گا اور ہم اگلی ایک روزہ سیریز میں بھی انشآاللہ دنیا کی بہترین بیٹنگ لائن کو اپنی شاندار باؤلنگ سے ایک بار پھردن میں تارے دکھا دیں گے۔
No user commented in " میراپاکستان جیت گیا، انڈیا ہار گیا "
Follow-up comment rss or Leave a TrackbackLeave A Reply