چاہے عالمی اردو بلاگرز کانفرنس کے پیچھے جو بھی خفیہ مقاصد پنہاں ہوں، ہماری نظر میں تو یہ کانفرنس کامیاب رہی۔ تنقید کرنے والے وہی ہیں جنہوں نے ایک دھیلہ بھی خرچ نہیں کیا اور حسد کی آگ میں وہ کچھ لکھ دیا جو بے مقصد اور فضول تھا۔
کانفرنس کا انعقاد جس نے بھی کیا اس نے کانفرنس میں شرکت کرنے والوں کو تمام سہولیات میسر کیں اور مہمان نوازی کا حق ادا کر دیا۔ ہمارے خیال میں اس کانفرنس کے انعقاد سے اردو بلاگرز کی کوریج اتنی بھرپور نہیں ہوئی جتنی ہونی چاہیے تھی مگر یہ ضرور ہے کہ چلیں اردو بلاگنگ کی تھوڑی بہت تشہیر ضرور ہوگئی۔ چونکہ اردو بلاگرز کی اکثریت عام پبلک سے تعلق رکھتی ہے اور اس کے ہاتھ لمبے نہیں ہیں اسلیے میڈیا کی کوریج میں جو کمی رہ گئی اسے بھولا جا سکتا ہے۔ اردو بلاگنگ کی تشہیر کیلیے ہمیں ابوشامل کی تجویز پسند آئی یعنی اردو بلاگنگ کمیونٹی کا انگریزی بلاگ ہونا چاہیے۔ ہمارے خیال میں اس کیلیے اردو بلاگ فورم کا پلیٹ فارم اچھا رہے گا۔ وگرنہ کوئی بھی بلاگر اس کی شروعات کر سکتا ہے۔
ہم مانتے ہیں کہ جس نے بھی سرمایہ لگایا یہ اسی کا حق تھا کہ یہ کانفرنس وہ اپنے بینر تلے کروائے مگر بہتر ہوتا اگر کینیڈین ایشین تنظیم کی بجائے خالص پاکستانی تنظیم کا بینر سٹیج پر سجتا۔ پھر بھی کینیڈین ایشین صحافی اسیوسی ایشن اس کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے۔
اردو بلاگرز نے اپنے اپنے بلاگز پر کانفرنس کی کاروائی کا حال جس طرح پیش کیا ہے وہ بھی بہت خوب رہا ہے اور تمام بلاگرز کی رپورٹس آنکھوں دیکھا حال بیان کرتی نطر آتی ہیں۔ ہمیں شیعب صفدر کی بات پسند آئی یعنی کانفرنس کے مقاصد جو بھی رہے ہوں کانفرنس نے سب کو اچھے اور خوبصورت نئے لوگوں سے ملنے کا موقع مہیا کیا۔ ہم چونکہ اب اردو بلاگنگ کمیونٹی میں اتنے متحرک نہیں ہیں اس لیے ہمیں تو شاید کسی نے مس نہ کیا ہو مگر ہم نے اس کانفرنس اور اس کے شرکاء کو ضرور مس کیا۔ زندگی رہی تو کبھی نہ کبھی کسی کانفرنس میں ضرور سب سے ملاقات ہو گی۔
ہماری ایک تجویز اردو بلاگ فورم والوں کیلیے ہے اور وہ یہ کہ وہ اگر پہلی اردو بلاگنگ کانفرنس کا سارا مواد بشمول کانفرنس کے متعلق تحریروں کے اردو بلاگ فورم پر یکجا کر سکیں تو اردو بلاگنگ کمیونٹی کیلیے تاریخ ساز ہو گا۔
1 user commented in " عالمی اردو بلاگرز کانفرنس اور اردو بلاگرز "
Follow-up comment rss or Leave a Trackbackشکر ہے کسی نے اس انداز میں بھی سوچا ورنہ کانفرنس کے شرکاء کے علاوہ اکثریت مسلسل گلاس کو آدھا ہی دیکھ رہی ہے اور آدھا بھرا کسی کو نظر نہیں آ رہا۔ یہ پہلی پہلی کانفرنس تھی اس لئے انتظامیہ سے کئی ایک غلطیاں بھی ضرور ہوئی ہیں۔ امید ہے آئندہ ان غلطیوں کا ازالہ ہو جائے گا یا کم از کم انتظامیہ آئندہ ایسی غلطیاں نہیں کرے گی۔
Leave A Reply