ابھی کل کی بات ہے 2007 ورلڈ کرکٹ کپ کے ابتدائی راؤنڈ سے پاکستان اور بھارت باہر ہوگئے۔ لیکن کل پاکستان اور انڈیا نے 2007 ٹونٹی 20 ورلڈ کپ میں فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر کے سب کو خوش کردیا۔ اسے کہتے ہیں انتہائی پستی سے انتہائی بلندی پر چھلانگ لگانا۔ کہاں ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر اپنے لوگوں کی لعن طعن اور کہاں ٹونٹی 20ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے پر پھولوں کی بارش۔ اس طرح کھیل کی دنیا میں شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ ایک ٹیم مختصر عرصے میں انتہائی نچلے درجے سے سب سے اونچے درجے پر پہنچ جائے۔
اگر دونوں سیمی فائنلز کا جائزہ لیا جائے تو بظاہر تو یہی نظر آئے گا کہ پاکستان کی طرف سے عمران نذیر اور بھارت کی طرف سے یوراج سنگھ نے میچ جتوائے مگر حقیقت میں یہ جیت ٹیم ورک کا نتیجہ تھی۔ پاکستان کی طرف سے محمد حفیظ نے عمران کیساتھ اچھی اوپننگ پارٹنر شپ دی۔ ہم کافی دنوں سے سوچ رہے تھے کہ نائب کپتان کی مسلسل خراب کارکردگی کے باوجود انہیں ہر میچ میں کھلایا جار رہا ہے۔ شکر ہے ہماری سیمی فائنل میں سنی گئ اور ان کی جگہ پر فواد عالم کو کھلایا گیا جس نے پہلے ہی میچ میں اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کرکے جیت میں اپنا حصہ ڈال دیا۔ اسی طرح ہمارے باؤلرز نے بھی نپی تلی باؤلنگ کی نیوزی لینڈ کو بڑا سکور کرنے کا موقع نہ دیا۔ عمر گل کی باؤلنگ کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہوگی جس نے آخری اوورز میں رن روک کر پاکستان کی جیت کی راہ ہموار کردی۔ کپتان شعیب کے بلے سے بھی رن نکلتے رہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں رن بنانے والوں میں شاید تیسرے نمبر پر ہیں۔ یونس خان سے ایک بڑی اننگ کی امیدیں پوری نہیں ہوئیں۔ ویسے فائنل میں اگر انہیں نہ کھلایا جائے تو اچھا ہوگا۔
بھارت کے کھلاڑیوں نے جس طرح آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو میچ کے آخر میں باندھ کر رکھا وہ نظارہ دیکھنے کے قابل تھا۔ اگر آسٹریلیا ایک آدھ اوور مزید اچھا کھیل جاتا تو میچ بھارت ہار سکتا تھا۔ مگر انڈیا کے باؤلرز نے دنیا کے بہترین بلے بازوں کو رن بنانے نہیں دیے۔ جو میچ ہاتھوں سے نکلتا جارہا تھا عرفان پٹھان، شری شانتھ اور ہربھجن سنگھ کے آخری اوروز میں بھارت کی جھولی میں آگرا۔
اب سوموار کو کرکٹ کی دنیا کا بہت بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔ دونوں ملکوں کی آبادی کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ فائنل کروڑوں شائقین دیکھیں گے۔ ہم نے بھی آدھی چھٹی کرنے کا ارادہ کرلیا ہے اور آج کے دونوں سیمی فائنلز کی طرح فائنل بھی مزے سے دیکھیں گے۔
No user commented in " کرکٹ کی دنیا میں انڈوپاک کی بہت بڑی چھلانگ "
Follow-up comment rss or Leave a TrackbackLeave A Reply